برنی سینڈرز امریکی صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہوگئے

نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکا کے سینئر سیاستدان سینیٹر برنی سینڈرز نے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے دستبردار ہوتے ہوئے اپنی انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ امریکا میں 3 نومبر 2020 میں صدارتی انتخاب شیڈول ہیں جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کےلئے برنی سینڈرز اور سابق امریکی نائب صدر جوبائیڈن میں سخت مقابلہ تھا۔تاہم اب برنی سینڈرز کے فیصلے کے بعد جوبائیڈن کےلئے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برنی سینڈرز نے اپنے حامیوں سے آن لائن خطاب سے قبل اپنی مہم کے ارکان کو کانفرنس کال کے ذریعے فیصلے سے آگاہ کیا۔78 سالہ برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ ہم نے نظریاتی جنگ جیت لی ہے اور ہم امریکی شہریوں میں سماجی، معاشی، نسلی اور ماحولیاتی انصاف جیسے معاملات سے متعلق شعور بیدار کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی آسان فیصلہ ہرگز نہیں تھا، اس کا فیصلہ میں نے اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ مل کو پورے غوروفکر کے بعد کیا ہے۔برنی سینڈرز کی دستبرداری کو ترقی پسند امریکیوں کےلئے دھچکا سمجھا جارہا ہے جنہوں نے گذشتہ برسوں کے دوران ملک میں معاشی مساوات، صحت کے مسائل اور ماحولیاتی مسائل پر بھر پور آواز اٹھائی ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post